9 مئی 2017 - 10:47
خطے میں امن قائم نہ ہونے کی وجہ امریکہ کی مداخلت ہے: ڈاکٹر ولایتی

ڈاکٹر ولایتی نے کہا ہے کہ جب تک امریکہ خطے میں موجود ہے تب تک اس خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے سابق وزیر خارجہ اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کے عالمی امور کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ امریکہ خطے میں عدم استحکام پیدا کرکے خطے میں اپنی موجودگی کو جواز بنا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک امریکہ خطے میں موجود ہے تب تک اس خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔

ڈاکٹرعلی اکبر ولایتی نے ریاض اور واشنگٹن کے باہمی تعاون اور خطے میں امن و ثبات  کے بارے میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے مسائل کے بارے میں ایران کا مؤقف واضح اور روشن ہے، علاقے میں امن و استحکام صرف علاقائی ممالک کے باہمی تعاون کے ذریعہ ہی ممکن ہے اور ہزاروں کیلو میٹر دور رہنے والا ملک خطے میں بدامنی پھیلا سکتا ہے لیکن امن قائم نہیں کرسکتا ، خطے میں پائیدار امن کے قیام کے سلسلے میں علاقائی ممالک اپنا اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنے مفادات کے لئے خطے کے ممالک کو کمزور بنا کر انھیں اپنے زیر نظر رکھے ہوئے ہے اور خطے میں جاری بد امنی اور دہشت گردی کے پیچھے امریکی اور اس کے اتحادی عرب ممالک کا ہاتھ نمایاں ہے اور امریکہ دہشت گردی کے ذریعہ علاقائی ممالک کو تقسیم کرنے کے منصوبے پر گامزن تھا لیکن ایران نے امریکی اور صہیونی منصوبے کو ناکام بنادیا ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲